نئی دہلی،29اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ریزرو بینک آف انڈیا نے 25اگست کو پیلے رنگ کا 200روپے کانوٹ جاری کیاتھا۔اس کا مقصد 100اور 500کے نوٹوں کے درمیان قیمت کے نوٹوں کی کمی کو پورا کرنا ہے۔200روپے کے علاوہ 50روپے کا نیا نوٹ بھی اسی مہینے جاری کیا گیا ہے۔دریں اثنا یہ بھی کہاجارہا تھا کہ حکومت 1000روپے کا ایک نیا نوٹ لا سکتی ہے۔گزشتہ سال حکومت نے 1000اور 500کے نوٹ بند کردیئے ہیں،بعد میں 2000روپے کا ایک نیا نوٹ جاری کیا گیا تھا۔
منگل کو وزارت خزانہ نے 1000روپے نوٹوں کو دوبارہ جاری کرنے کے امکان کو مسترد کردیا۔اقتصادی معاملات کے سیکرٹری سبھاش چندرا گرگ نے ٹویٹ کیاکہ1000روپوں کے نوٹ پھرسے لانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ان کا بیان اس رپورٹ کے بعد آیا ہے کہ حکومت 1000روپے کا ایک نوٹ دوبارہ لا سکتی ہے۔ریزرو بینک نے پہلے ہی کہا ہے کہ 200 روپے کے نوٹ کمی کوپوراکرے گی۔